265 - حَدَّثَنَا ابْنُ صَاعِدٍ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ بْنِ عَبْدِ الْوَهَّابِ بْنِ يَحْيَى بْنِ عَبَّادِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الزُّبَيْرِ بِالْمَدِينَةِ حَدَّثَنِى مُحَمَّدُ بْنُ فُلَيْحِ بْنِ سُلَيْمَانَ عَنْ عَمْرِو بْنِ يَحْيَى بْنِ عُمَارَةَ بْنِ أَبِى حَسَنٍ الْمَازِنِىِّ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ عَمْرَو بْنَ أَبِى حَسَنٍ الْمَازِنِىَّ أَتَى إِلَى عَبْدِ اللَّهِ بْنِ زَيْدٍ وَهُوَ ابْنُ عَاصِمٍ الْمَازِنِىُّ صَاحِبُ رَسُولِ اللَّهِ -صلى الله عليه وسلم- فَقَالَ هَلْ تَسْتَطِيعُ أَنْ تُرِيَنِى كَيْفَ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ -صلى الله عليه وسلم- يَتَوَضَّأُ قَالَ نَعَمْ فَدَعَا لَهُ بِتَوْرِ مَاءٍ فَأَكْفَأَ التَّوْرَ عَلَى يَدِهِ الْيُمْنَى فَغَسَلَ يَدَهُ الْيُمْنَى ثَلاَثَ مَرَّاتٍ يُكْفِئُ التَّوْرَ عَلَى يَدَيْهِ. ثُمَّ يَغْسِلُ يَدَيْهِ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ أَدْخَلَ يَدَيْهِ فِى التَّوْرِ فَغَرَفَ غُرْفَةً مِنْ مَاءٍ فَمَضْمَضَ وَاسْتَنْشَقَ ثُمَّ اسْتَنْثَرَ ثَلاَثَ غُرُفَاتٍ ثُمَّ غَسَلَ وَجْهَهُ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ غَسَلَ كُلَّ يَدٍ مَرَّتَيْنِ إِلَى الْمِرْفَقِ ثُمَّ أَخَذَ مِنَ الْمَاءِ فَمَسَحَ بِرَأْسِهِ أَقْبَلَ بِهِمَا وَأَدْبَرَ ثُمَّ غَسَلَ رِجْلَيْهِ إِلَى الْكَعْبَيْنِ .
عمرو بن یحییٰ اپنے والد کا یہ بیان نقل کرتے ہیں : عمرو بن ابو حسن مازنی، حضرت عبداللہ بن زید (رض) کی خدمت میں حاضر ہوئے، یہ حضرت عبداللہ بن زید بن عاصم مازنی (رض) ہیں، جو نبی اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے صحابی ہیں۔ عمرو بن ابو حسن نے گزارش کی : کیا آپ ہمیں یہ کرکے دکھا سکتے ہیں ؟ نبی اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کس طرح وضو کیا کرتے تھے ؟ تو حضرت عبداللہ بن زید (رض) نے جواب دیا : جی ہاں ! پھر حضرت عبداللہ نے پانی کا برتن منگوایا، انھوں نے اس برتن میں سے اپنے دائیں ہاتھ پر پانی انڈیلا اور دائیں ہاتھ کو تین مرتبہ دھویا، پھر انھوں نے برتن میں سے پانی اپنے دونوں ہاتھوں پر انڈیلا اور دونوں ہاتھوں کو تین مرتبہ دھویا، پھر انھوں نے اپنے دونوں ہاتھ برتن میں داخل کیے اور ایک چلو پانی لے کر اس کے ذریعے کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا، پھر انھوں نے تین مرتبہ چلو میں پانی لے کر ناک صاف کیا، پھر انھوں نے اپنے چہرے کو تین مرتبہ دھویا، ہر ایک بازو کو کہنیوں تک دھویا، پھر کچھ پانی لے کر اس کے ذریعے سر کا مسح کیا، وہ اپنے ہاتھ آگے سے پیچھے کی طرف لے گئے، پھر پیچھے سے آگے کی طرف لائے، پھر انھوں نے دونوں پاؤں ٹخنوں تک دھولیے۔