عَنْ قَتَادَةَ بْنِ النُّعْمَانِ ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : إِذَا أَحَبَّ اللَّهُ عَبْدًا حَمَاهُ الدُّنْيَا كَمَا يَظَلُّ أَحَدُكُمْ يَحْمِي سَقِيمَهُ الْمَاءَ . (رواه احمد والترمذى)
قتادہ بن نعمان سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جب اللہ تعالیٰ کسی بندہ سے محبت کرتا ہے ، تو دنیا سے اس کو اس طرح پرہیز کراتا ہے جس طرح کہ تم میں سے کوئی اپنے مریض کو پانی سے پرہیز کراتا ہے ، (جبکہ اسکو پانی سے نقصان پہنچتا ہو) ۔ (مسند احمد ، جامع ترمذی)
تشریح
جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے دنیا در اصل وہی ہے جو اللہ سے غافل کرے ، اور جس میں مشغول ہونے سے آخرت کا راستہ کھوٹا ہو ، پس اللہ تعالیٰ جن بندوں سے محبت کرتا ہے ، اور اپنے خاص انعامات سے اُن کو نوازنا چاہتا ہے ، ان کو اس مردار دنیا سے اس طرح بچاتا ہے ، جس طرح کہ ہم لوگ اپنے مریضوں کو پانی سے پرہیز کراتے ہیں ۔