hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 35

1. کتاب الایمان

معارف الحدیث

35
Maarif ul Hadith
عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ أَنَّهُ سَأَلَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ أَفْضَلِ الْإِيمَانِ قَالَ: «أَنْ تُحِبَّ لِلَّهَ، وَتُبْغِضَ لِلَّهِ، وَتُعْمِلَ لِسَانَكَ فِي ذِكْرِ اللَّهِ» . قَالَ: وَمَاذَا يَا رَسُولَ اللَّهِ؟ قَالَ: «وَأَنْ تُحِبَّ لِلنَّاسِ مَا تُحِبُّ لِنَفْسِكَ وَتَكْرَهَ لَهُمْ مَا تَكْرَهُ لِنَفْسِكَ» (راه احمد)
حضرت معاذ بن جبلؓ سے روایت ہے کہ میں نے نبی ﷺ سے افضل ایمان کے متعلق سوال کیا (یعنی پوچھا کہ : ایمان کا اعلیٰ اور افضل درجہ کیا ہے ؟ اور وہ کون سے اعمال و اخلاق ہیں جن کے ذریعہ اس کو حاصل کیا جا سکتا ہے) تو آپ نے ارشاد فرمایا ۔۔۔ یہ کہ : بس اللہ ہی کے لیے کسی سے تمہاری محبت ہو ، اور اللہ ہی کے واسطے بغض و عداوت ہو (یعنی دوستی اور دشمنی جس سے بھی ہو ، صرف اللہ کے واسطے ہو) اور دوسرے یہ کہ اپنی زبان کو تم اللہ کی یاد میں لگائے رکھو ۔ حضرت معاذؓ نے عرض کیا : اور کیا یا رسول اللہ! آپ نے فرمایا : اور یہ کہ دوسرے لوگوں کے لیے بھی وہی چاہو ، اور وہی پسند کرو ، جو اپنے لئے پسند کرتے اور چاہتے ہو ، اور ان کے لیے بھی اُن چیزوں کو ناپسند کرو جو اپنے لیے ناپسند کرتے ہو ۔ (مسند احمد)

تشریح
حضرت معاذؓ کے سوال کے جواب میں رسول اللہ ﷺ نے اس حدیث میں تین چیزوں کو ذکر فرمایا ہے ، اور بتلایا ہے کہ کامل ایمان جب نصیب ہو گا ، جب کہ یہ تین باتیں پیدا ہو جائیں ۔ ایک اللہ ہی کے لیے دوستی اور دشمنی ، دوسرے زبان کا یادِ الہی میں مشغول رکھنا ، تیسرے بندگانِ خدا کی ایسی خیر خواہی کہ جو اپنے لیے چاہے ، وہ سب کے لیے چاہے اور جو اپنے لیے نہ چاہے وہ کسی کے لیے نہ چاہے ۔