عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « وَجِّهُوا هَذِهِ الْبُيُوتَ عَنِ الْمَسْجِدِ فَإِنِّي لَا أُحِلُّ الْمَسْجِدَ لِحَائِضٍ وَلَا جُنُبٍ » (رواه ابوداؤد)
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ان گھروں کا رخ مسجد کی طرف سے پھیر دو (یعنی ان کے دروازے جو مسجد کی طرف ہیں ، ان کو مسجد کی جانب سے بند کر کے دوسری جانب کھولو) کیوں کہ کسی حائضہ عورت اور کسی جنبی کے لئے مسجد میں داخل ہونے کا بالکل جواز نہیں ہے ۔ (ان کے لئے مسجد میں آنا ناجائز و حرام ہے) ۔ (سنن ابی داؤد)
تشریح
مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم جب شروع میں بنی تھی ، تو اس کے آس پاس کے بہت سے گھروں کے دروازے مسجد کی طرف تھے ، گویا کہ صحن مسجد ہی میں کھلتے تھے ، کچھ عرصہ کے بعد یہ حکم آ گیا ، کہ مسجد کے ادب و احترام کا یہ حق ہے کہ حائضہ اور جنبی اس میں داخل نہ ہوں ، اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اعلان فرمایا اور حکم دیا کہ یہ سب دروازے مسجد کی جانب سے بند کر کے دوسری طرف کھولے جائیں ۔