عَنْ أَنَسٍ، قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «بُعِثْتُ أَنَا وَالسَّاعَةَ كَهَاتَيْنِ» (رواه البخارى ومسلم)
حضرت انس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ : ”میں اور قیامت ان دو انگلیوں کی طرح ہیں“ ۔
تشریح
یعنی آنحضرتﷺ نے کلمہ شہادت والی انگلی ، اور اس کے برابر والی بیچ کی انگلی ملا کر فرمایا : میری بعثت میں اور قیامت میں اتنا قرب اور اتصال ہے جتنا کہ ان دو انگلیوں میں ۔ اس سے غالباً آپ کا مطلب یہ تھا ، کہ اللہ تعالیٰ نے اس دنیا کے جتنے دور مقرر کئے تھے وہ سب ختم ہو گئے ، اب یہ دور اس کا آخری دور ہے جو میری بعثت سے شروع ہوا ہے ، اور قیامت پر ختم ہو گا ، میرے اور قیامت کے درمیان کوئی نیا نبی نہیں آئے گا ، نہ کوئی نئی امت پیدا ہو گی ، اس لئے اس کو بہت دور سمجھ کر اس کی طرف سے بے فکر اور بے پروا نہ ہونا چاہئے ۔