hadith book logo

Mishkaat Shareef: Hadith 5139

.

مشكاة المصابيح

5139
Mishkaat Shareef
صحیح
وعن قتادة بن النعمان أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال إذا أحب الله عبداحماه الدنيا كما يظل أحدكم يحمي سقيمه الماء . رواه أحمد والترمذي
حضرت قتادہ بن نعمان (رض) سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کو دوست رکھتا ہے تو اس کو دنیا سے بچاتا ہے جس طرح کہ تم میں سے کوئی شخص اپنے مریض کو پانی سے بچاتا ہے ۔ (احمد)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ جس طرح تمہارا کوئی عزیز و متعلق جب کسی ایسے مرض میں مبتلا ہوجائے جس میں پانی کا استعمال سخت نقصان پہنچاتا ہے جیسے استسقاء اور ضعف معدہ وغیرہ اور تمہیں اس کی زندگی پیاری ہوتی ہے تو تم اس بات کی پوری کوشش کرتے ہو کہ وہ مریض پانی کے استعمال سے دور رہے تاکہ صحتیابی سے جلد ہمکنار ہو۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ جس بندے کو اپنا محبوب بنانا اور اس کو آخرت کے بلند درجات پر پہنچانا چاہتا ہے اس کو دنیاوی مال و دولت، جاہ و منصب اور اسے ہر چیز سے دور رکھتا ہے جو اس کے دین کو نقصان پہنچانے اور عقبی میں اس کے درجات کو کم کرنے کا سبب بنے۔ اشرف (رح) نے بھی اسی طرح کی بات کہی ہے اور لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس بندے کو دنیاوی مال و جاہ اور یہاں کی کوئی ایسی چیز نہیں دیتا جو اس کی دینی و اخروی زندگی کی زینت و خوبی کو داغدار کر دے، تاکہ اس کا دل دنیا اور دنیا کی چیزوں کی محبت و خواہش کے مرض میں مبتلا نہ ہو۔