hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 153

2. کتاب الرقاق

معارف الحدیث

153
Maarif ul Hadith
عَنْ أَنَسٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : يَقُولُ اللَّهُ جَلَّ ذِكْرُهُ أَخْرِجُوا مِنَ النَّارِ مَنْ ذَكَرَنِي يَوْمًا أَوْ خَافَنِي فِي مَقَامٍ . (رواه الترمذى والبيهقى فى كتاب البعث والنشور)
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا : اللہ تعالیٰ قیامت کے دن (ان فرشتوں کو جو دوزخ پر مقرر ہوں گے) حکم دے گا ، کہ جس شخص نے کبھی مجھے یاد کیا ، یا کسی موقع پر جو بندہ مجھ سے ڈرا ، اُس کو دوزخ سے نکال لیا جائے ۔ (جامع ترمذی ، کتاب البعث والنشور للبیہقی)

تشریح
کتاب الایمان میں جیسا کہ تفصیل سے بتایا جا چکا ہے ، یہ بات کتاب و سنت کی تصریحات سے قطعی اور یقینی طور پر معلوم ہو چکی ہے ، کہ جو شخص کفر یا شرک کی ھالت میں اس دنیا سے جائے گا ، وہ ہمیشہ ہمیشہ دوزخ ہی میں رہے گا ، اور اُس کا کوئی عمل بھی اُس کو دوزخ سے نہ نکلوا سکے گا ، ، اس لئے حضرت انسؓ کی اس حدیث کا مطلب یہ ہوا ، کہ جو شخص دنیا سے اس حالت میں گیا ، کہ وہ کافر یا مشرک نہیں تھا ، بلکہ ایمان ان کو نصیب تھا لیکن گناہ اس کے بہت تھے اور اعمالِ صالحہ کا ذخیرہ اس کے ساتھ نہیں تھا ، بجاز اس کے کہ اس نے کبھی اللہ کو یاد کیا تھا ، یا کسی موقع پر اس کے دل میں خدا کے خوف کی کچھ کیفیت پیدا ہوئی تھی ، تو قیامت کے دن وہ اپنے قصوروں کی سزا بھگتنے کے لئے دوزخ میں ڈال تو دیا جائے گا ، لیکن پھر کسی دن کے اللہ کے ذکر اور خوف کی برکت سے اُس کو نجات مل ہی جائے گی ، اور وہ دوزخ سے نکال لیا جائے گا ۔ واللہ اعلم ۔