عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَوْ كَانَتِ الدُّنْيَا تَزِنُ عِنْدَ اللَّهِ جَنَاحَ بَعُوضَةٍ ، مَا سَقَى كَافِرًا مِنْهَا شَرْبَةً » (رواه احمد والترمذى وابن ماجه)
سہل بن سعد سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اگر اللہ کے نزدیک دنیا کی قدر و قیمت مچھر کے پَر کے برابر بھی ہوتی ، تو کسی کافر منکر کو وہ ایک گھونٹ پانی بھی نہ دیتا ۔ (مسند احمد ، جامع ترمذی ، سنن ابن ماجہ)
تشریح
یعنی خدا اور رسول کے نہ ماننے والوں ، کافروں ، منکروں کو دنیا سے جو کچھ مل رہا ہے ، (اور جیسا کہ دیکھا جا رہا ہے خوب مل رہا ہے) اس کی وجہ یہی ہے کہ اللہ کے نزدیک دنیا نہایت ہی حقیر اور بے قیمت چیز ہے ، اگر اس کی کچھ بھی قدر و قیمت ہوتی تو اللہ تعالیٰ ان باغیوں کو پانی کا ایک گھونٹ بھی نہ دیتا ، چنانچہ آخرت جس کی اللہ کے نزدیک قدر و قیمت ہے ، وہاں کسی دشمنِ خدا کو ٹھنڈے اور خوشگوار پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دیا جائے گا ۔