hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 46

1. کتاب الایمان

معارف الحدیث

46
Maarif ul Hadith
عَنْ أَنَسٍ، قَالَ: خَطَبَنَا رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: " لَا إِيمَانَ لِمَنْ لَا أَمَانَةَ لَهُ، وَلَا دِينَ لِمَنْ لَا عَهْدَ لَهُ " (رواه البيهقى فى شعب الايمان)
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ بہت کم ایسا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ہم کو خطبہ دیا ہو ، اور اس میں یہ نہ ارشاد فرمایا ہو کہ : “جس میں امانت کی خصلت نہیں اُس میں ایمان نہیں ، اور جس میں عہد کی پابندی نہیں ، اس میں دین نہیں” ۔ (شعب الایمان للبیھقی)

تشریح
یعنی امانت داری اور عہد کی پابندی سے کسی آدمی کا خالی ہونا دین و ایمان کی حقیقت سے اس کی محرومی اور بے نصیبی کی دلیل ہے ، کیوں کہ امانت اور ایفاء عہد ایمان و اسلام کے لوازم میں سے ہیں ۔۔۔ جیسا کہ پہلے بھی بعض حدیثوں کی تشریح میں لکھا جا چکا ہے ، اس طرح کی حدیثوں کا مقصد و منشا یہ نہیں ہوتا کہ ایسا شخص اسلام کے دائرے سے بالکل نکلا گیا ، اور اب اُس پر بجائے اسلام کے کفر کے احکام جاری ہوں گے ، بلکہ مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ یہ شخص ایمان کی اصل حقیقت اور اس کے نور سے بے نصیب ہے ، جس کا حاصل یہ ہوتا ہے کہ اس کا ایمان بہت ہی ناقص درجے کا ، اوربے جان ہے ۔