hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 543

5. کتاب الصلوٰۃ

معارف الحدیث

543
Maarif ul Hadith
عَنِ ابْنِ عُمَرَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « لَا تَمْنَعُوا نِسَاءَكُمُ الْمَسَاجِدَ ، وَبُيُوتُهُنَّ خَيْرٌ لَهُنَّ » (رواه ابوداؤد)
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اپنی عورتوں کو مسجدوں میں جانے سے منع نہ کرو ، اور ان کے لیے بہتر ان کے گھر ہی ہیں ۔ (سنن ابی داؤد)

تشریح
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ میں جبکہ مسجد نبوی میں پانچویں وقت کی نماز بہ نفس نفیس آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود پڑھاتے تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف اے بار بار اس کی وضاھت کے باوجود کہ عورتوں کے لی اپنے گھروں ہی میں نماز پڑھنا افضل اور زیادہ ثواب کا باعث ہے ، بہت ہی نیک بخت عورتوں کی یہ خواہش ہوتی تھی کہ وہ کم از کم رات کی نمازوں میں (یعنی عشاء فجر میں) مسجد میں جا کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھا کریں ، لیکن بعض لوگ اپنی بیویوں کو اس کی اجازت نہیں دیتے تھے ، اور ان کا یہ اجازت نہ دینا کسی فتنہ کے اندیشہ سے یا کسی بدگمانی کی وجہ سے نہ تھا (کیونکہ اس وقت کا پورا اسلامی معاشرہ اس لحاظ سے ہر طرح قابل اطمینان تھا) بلکہ ایک گیر شرعی قسم کی غیرت اس کی بنیاد تھی اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتیں اگر رات کی نمازوں میں مسجد میں آنے کی اجازت مانگیں تو ان کو اجازت دے دینا چاہیے لیکن خود عورتوں کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم برابر یہی سمجھاتے رہے کہ بیبیو تمہارے لیے زیاہ بہتر اپنے گھروں ہی میں نماز پڑھنا ہے ، جیسا کہ آگے درج ہونے والی حدیث اور زیادہ واضح ہو جائے گا ۔