hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 587

5. کتاب الصلوٰۃ

معارف الحدیث

587
Maarif ul Hadith
عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ قَالَ : كَانَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الْفَجْرِ بِ ق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ وَكَانَ صَلَاتُهُ بَعْدُ تَخْفِيفًا. (رواه مسلم)
حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز میں سورہ ق اور اس جیسی دوسری سورتیں پڑھا کرتے تھے اور بعد میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ہلکی ہوتی تھی ۔ (صحیح مسلم)

تشریح
شارحین نے آخری خط کشیدہ فقرے کے دو مطلب بیان کئے ہیں ، ایک یہ کہ فجر کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز میں یعنی ظہر ، عصر ، مغرب ، عشاء یہ سب بہ نسبت فجر کے ہلکی ہوتی تھیں اور ان میں بہ نسبت فجر کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم قرأت کم فرماتے تھے ۔ دوسرا مطلب اس فقرے کا یہ بیان کیا گیا ہے کہ ابتدائی دور میں جب صحابہ کرامؓ کی تعداد کم تھی ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے جماعت میں سب سابقین اولین ہی ہوتے تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نمازیں عموماً طویل ہوتی تھیں اور بعد کے دور میں جب ساتھ میں نماز پڑھنے والوں کی تعداد زیادہ ہو گئی تھی ، اور ان میں دوم سوم درجہ والے اہل ایمان بھی ہوتے تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نمازیں نسبتاً ہلکی پڑھنے لگے تھے ، کیوں کہ جماعت میں نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں اس کا امکان زیادہ ہوتا تھا کہ کچھ لوگ مریض یا کمزور یا کم ہمت زیادہ بوڑھے ہوں جن کے لئے طویل نماز باعث زحمت ہو جائے ۔
اگرچہ واقعاتی لحاظ سے دونوں ہی باتیں صحیح ہیں لیکن اس عاجز کے خیال میں دوسری تشریح اقرب ہے ۔ واللہ اعلم ۔