عَنْ مُعَاذِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْجُهَنِيِّ قَالَ : أَنَّ رَجُلًا ، مِنْ جُهَيْنَةَ أَخْبَرَهُ ، أَنَّهُ سَمِعَ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ « قَرَأَ فِي الصُّبْحِ إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ فِي الرَّكْعَتَيْنِ كِلْتَيْهِمَا » فَلَا أَدْرِي أَنَسِيَ أَمْ قَرَأَ ذَلِكَ عَمْدًا. (رواه ابوداؤد)
معاذ بن عبداللہ الجہنی سے روایت ہے کہ قبیلہ جہینہ کے ایک صاحب نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے ایک دفعہ صبح کی نماز کی دونوں رکعتوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو إِذَا زُلْزِلَتِ پڑھتے ہوئے سنا ۔ (آگے ان صاحب نے کہا کہ) مجھے معلوم نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھول کر ایسا کیا یا عمدا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت پڑھی ۔ (سنن ابی داؤد)
تشریح
چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عام دستور دو رکعتوں میں الگ الگ دو سورتیں پڑھنے کا تھا اس لئے جب ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں رکعتوں میں “ إِذَا زُلْزِلَتِ ” پڑھی تو ان صحابی کو یہ شبہ ہو گیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھول کر ایسا کیا یا یہ بتانے اور جتانے کے لئے کہ یہ بھی جائز ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمداً ایسا کیا ۔