عَنْ مُعَاذَةَ ، أَنَّهَا سَأَلَتْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهَا ، كَمْ كَانَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي صَلَاةَ الضُّحَى؟ قَالَتْ : « أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ وَيَزِيدُ مَا شَاءَ » . (رواه مسلم)
معاذہ عدویہ بیان کرتی ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چاشت کی نماز کے (کتنی) رکعت پڑھا کرتے تھے ؟ انہوں نے فرمایا کہ : چار رکعتیں ، اور اس سے زیادہ جتنی اللہ چاہتا ۔ (صحیح مسلم)
تشریح
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب چاشت کی نماز پڑھتے تو اکثر چار رکعت پڑھتے تھے ، اور کبھی کبھی اس سے زیادہ بھی پڑھتے تھے ، لیکن خود حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا معمول آٹھ رکعت پڑھنے کا تھا ، اور ان کو یہ رکعتیں اتنی محبوب تھیں کہ فرماتی تھیں : لو نشر لى ابواى ما تركتها (اگر میرے والدین ماجدین پھر سے دنیا میں بھیج دئیے جائیں تو ان کی زیارت و ملاقات کی پر مسرت مشغولیت میں بھی ان رکعتوں کو نہیں چھوڑوں گی) ۔