hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 891

7. کتاب الصوم

معارف الحدیث

891
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِىْ أُمَامَةَ قَالَ : قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ مُرْنِي بِأَمْرٍ يَنْفَعُنِي اللَّهُ بِهِ ، قَالَ : « عَلَيْكَ بِالصِّيَامِ فَإِنَّهُ لَا مِثْلَ لَهُ » (رواه النسائى)
حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ : مجھے کسی عمل کا حکم فرمائیے ، جس سے اللہ تعالیٰ مجھے نفع دے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ روزہ رکھا کرو ، اس کی مثل کوئی بھی عمل نہیں ہے ۔ (سنن نسائی)

تشریح
نماز ، روزہ ، صدقہ ، حج اور خلق اللہ کی خدمت وغیرہ اعمال صالحہ میں یہ بات مشترک ہونے کے باوجود کہ یہ سب تقرب الی اللہ کا ذریعہ اور وسیلہ ہیں ان کی الگ الگ کچھ خاص تاثیرات اور خصوصیات بھی ہیں جن میں یہ ایک دوسرے سے ممتاز اور منفرد ہیں ۔ گویا ؎
“ ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است ”
ان انفرادی اور امتیازی خصوصیات کے لحاظ سے ان میں سے ہر ایک کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ : “ اس جکے مثل کوئی عمل نہیں ہے ” مثلاً نفس کو مغلوب اور مقہور کرنے اور اس کی خواہشوں کو دبانے کے لحاظ سے کہا جا سکتا ہے کہ اس صفت میں کوئی دوسرا عمل روزہ کے مثل نہیں ہے ۔ پس حضرت ابو امامہؓ کی اس حدیث میں روزہ کے بارے میں جو فرمایا گیا ہے کہ : “ اس کے مثل کوئی عمل نہیں ہے ” اس کی حقیقت یہی سمجھنی چاہئے ۔ نیز ملحوظ رہنا چاہئے کہ ابو امامہؓ کے خاص حالات میں ان کے لیے زیادہ نفع مند روزہ ہی تھا ، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اسی کی ہدایت فرمائی .... اور اسی حدیث کی بعض روایات میں ہے کہ ابو امامہ نے یہ جواب پانے کے بع دوبارہ اور سہ بارہ بھی عرض کیا کہ : “ مجھے کسی عمل کا حکم فرمائیے جس کو میں کیا کروں ” تو دونوں دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ ہی کی ہدایت فرمائی اور ارشاد فرمایا کہ : بس روزہ رکھا کرو ، اس کے مثل کوئی دوسرا عمل نہیں ہے ۔ یعنی تمہارے خاص حالات میں تم کو اسی سے زیادہ نفع ہو گا ۔ واللہ اعلم ۔