hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 193

2. کتاب الرقاق

معارف الحدیث

193
Maarif ul Hadith
عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ عَبْدَهُ الْمُؤْمِنَ ، الْفَقِيرَ ، الْمُتَعَفِّفَ ، أَبَا الْعِيَالِ » (رواه ابن ماجه)
عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ کو اپنا وہ مومن بندہ بہت پیارا اور محبوب ہے جو غریب و نادار اور عیال دار ہو ، اور اس کے باوجود باعفت ہو (یعنی ناجائز طریقے سے پیسہ حاصل کرنے سے اور کسی کے سامنے اپنی ضروریات ظاہر کرنے سے بھی پرہیز کرتا ہو) ۔

تشریح
بلا شبہ جو شخص افلاس اور فقر و فقہ کی حالت میں بھی محرمات و مشتبہات سے اپنی حفاظت کرے ، اور اپنی تنگ حالی کا اظہار بھی نہ کرے ، وہ بڑا باہمت اور اللہ کا پیارا بندہ ہے ۔
جو بندگانِ خدا اس دنیا میں تنگ حالی و ناداری میں مبتلا کئے گئے ہیں اور غریبی اور فقر و فاقہ کی زندگی گذار رہے ہیں ، کاش ! وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان حدیثوں سے تسلی اور سبق حاصل کریں ، اور اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم والی ، جو فقیرانہ و غریبانہ زندگی نصیب فرمائی ہے ، اس کو اپنے حق میں نعمت سمجھ کر صابر و شاکر رہیں ، تو فقر و فاقہ کی تکلیفیں ہی ان کے لیے سامانِ راحت و لذت بن جائیں ۔