hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 367

3. کتاب الاخلاق

معارف الحدیث

367
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « الْحَيَاءُ مِنَ الْإِيمَانِ ، وَالْإِيمَانُ فِي الْجَنَّةِ ، وَالْبَذَاءُ مِنَ الْجَفَاءِ ، وَالْجَفَاءُ فِي النَّارِ » (رواه احمد والترمذى)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حیا ایمان کی ایک شاخ ہے (یا ایمان کا ثمرہ ہے) اور ایمان کا مقام جنت ہے ، اور بے حیائی و بے شرمی بدکاری میں سے ہے ، اور بدی دوزخ میں لے جانے والی ہے ۔ (مسند احمد ، جامع ترمذی)

تشریح
اس حدیث میں اور اس سے پہلی حدیث میں بھی جو “ الْحَيَاءُ مِنَ الْإِيمَانِ ” فرمایا گیا ہے ، بظاہر اس کامطلب یہی ہے کہ شرم و حیا شجر ایمان کی خاص شاخ یا اس کا ثمرہ ہے ، صحیحین کی ایک دوسری حدیث میں (جو کتاب الایمان میں گذر چکی ہے) فرمایا گیا ہے “ الْحَيَاءُشُعْبَةٌ مِنَ الْإِيمَانِ ” (اور حیا ایمان ہی کی ایک شاخ ہے) بہر حال حیا اور ایمان میں ایک خاص نسبت اور خاص رشتہ ہے ، اور یہ سب اُسی کی تعبیریں ہیں ۔ اور اسی کی ایک تعبیر وہ بھی ہے جو اس سے بعد والی حدیث میں آ رہی ہے ۔