عَنْ عَائِشَةَ رَضِىَ اللهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : " مَا صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَاةً لِوَقْتِهَا الْآخِرِ مَرَّتَيْنِ حَتَّى قَبَضَهُ اللَّهُ". (رواه الترمذى)
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نے اپنی ساری عمر میں دو دفعہ بھی کوئی نماز اس کے آخری وقت میں نہیں پڑھی یہاں تک کہ اللہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اٹھا لیا ۔
تشریح
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے اپنے اس بیان مین دو دفعہ کی قید غالبا اس لیے لگائی ہے کہ ایک دفعہ ایک شخص کو ہر نماز کا اول و آخر وقت بتانے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن کی نمازیں آخر وقت میں بھی پڑھ کر دکھائی تھی ۔ یہ واقعہ صحیح مسلم کے حوالے سے نمبر ۱۳ پر درج ہو چکا ہے ۔ بہر حال اس بیان سے حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا کا مقصد یہی ہے کہ نماز کو مؤخر کر کے آخری وقت میں پڑھنا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ نہیں تھا ۔