hadith book logo

Maarif ul Hadith: Hadith 600

5. کتاب الصلوٰۃ

معارف الحدیث

600
Maarif ul Hadith
عَنْ عَائِشَةَ رَضِىَ اللهُ عَنْهَا قَالَتْ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَرَأَ فِي صَلَاةِ الْمَغْرِبِ بِسُورَةِ الْأَعْرَافِ فَرَّقَهَا فِي رَكْعَتَيْنِ » . (رواه النسائى)
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سورہ اعراف مغرب کی دو رکعتوں میں تقسیم کر کے پڑھی ۔ (سنن نسائی)

تشریح
ان چاروں حدیثوں میں نماز مغرب میں جن سورتوں کی قرأت کا ذکر ہے ان میں سے کوئی بھی ان چھوٹی سورتوں مین سے نہیں ہے جن کو “ قصار ” کہا جاتا ہے ، بلکہ سب سن بڑی سورتوں میں سے ہیں جن کو “ طوال ” کہا جاتا ہے ۔ بلکہ حضرت صدیقہؓ والی آخری حدیث میں جس میں سورہ اعراف کی قرأت کا ذکر ہے وہ تو پورے سوا سیپارہ کی ہے ۔ بہحال ان چار حدیثوں میں تو نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طویل طویل سورتیں پڑھنا ہی ذکر کیا گیا ہے لیکن آگے درج ہونے والی بعض دوسری روایتوں سے معلوم ہو گا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اکثری معمول مغرب میں چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھنے کا تھا ، اس لئے اکثر علمائے کرام کا خیال ہے کہ مندرجہ بالا حدیثوں میں نماز مغرب کے جن واقعات کا ذکر کیا گیا ہے (جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل طویل سورتیں پڑھیں) یہ سب اتفاقی واقعات ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمومی اور اکثری معمول مغرب میں چھوٹی ہی سورتوں کی قرأت کا تھا ، جیسا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اس مکتوب سے بھی معلوم ہوتا ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت موسیٰ اشعریؓ کو لکھا تھا ، ان شاء اللہ عنقریب ہی حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کا یہ مکتوب بھی درج کیا جائے گا ۔