عَنْ مَسْرُوقٍ ، قَالَ : سَأَلْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، عَنْ صَلاَةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِاللَّيْلِ؟ فَقَالَتْ : « سَبْعٌ ، وَتِسْعٌ ، وَإِحْدَى عَشْرَةَ ، سِوَى رَكْعَتِي الفَجْرِ » (رواه البخارى)
مسروق تابعی سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا (کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کتنی رکعتیں پڑھتے تھے) تو انہوں نے فرمایا کہ : سات اور نو اور گیارہ ، سنت فجر کی دو رکعتوں کے سوا ۔ (صحیح بخاری)
تشریح
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے جواب کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تہجد میں کبھی صرف سات رکعتیں پڑھتے تھے (یعنی چار رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف نو (یعنی چھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف گیارہ (یعنی آٹھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) یہ تفصیل خود حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا کی اس حدیث مذکور ہے جو وتر کے بیان میں سنن ابی داؤد کے حوالے سے نقل ہو چکی ہے ۔