hadith book logo

Maarif ul Hadith

16. علاماتِ قیامت

معارف الحدیث

1950
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: بَيْنَمَا النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُحَدِّثُ، إِذْ جَاءَ أَعْرَابِيٌّ فَقَالَ: مَتَى السَّاعَةُ؟ قَالَ: «إِذَا ضُيِّعَتِ الأَمَانَةُ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ»، قَالَ: كَيْفَ إِضَاعَتُهَا؟ قَالَ: «إِذَا وُسِّدَ الأَمْرُ إِلَى غَيْرِ أَهْلِهِ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ» (رواه البخارى)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہیں کہ اس اثناءمیں کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیان فرما رہے تھے ایک اعرابی (بدوی) آیا اور اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کے قیامت کب آئے گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب (وہ وقت آ جائے گے) امانت ضائع کی جانے لگے تو اس وقت قیامت کا انتظار کرو اس اعرابی نے عرض کیا کہ امانت کیسے ضائع کی جائے گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب معاملات نااہلوں کے سپرد کئے جانے لگیں تو انتظار کرو قیامت کا۔ (صحیح بخاری)

تشریح
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح امت میں پیدا ہونے والے فتنوں کی اطلاع دی ہے اسی طرح کچھ چیزوں کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ قیامت سے پہلے ان کا ظہور ہوگا ان میں سے کچھ بہت غیر معمولی قسم کی ہیں جو بظاہر اس عام قانون قدرت کے خلاف ہیں جن پر اس دنیا کا نظام چل رہا ھے جیسے سورج کا مشرق کے بجائے مغرب سے طلوع ہونا اور دابۃ الارض کا خروج اور دجال کا ظہور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول وغیرہ ان غیر معمولی علامات کا ظہور اس وقت ہوگا جب کہ ہم بہت قریب ہوگی یہ چیزیں گویا قیامت کا پیش خیمہ اور اس کی تمہید ہوں گی۔ ان کو قیامت کی علامات خاصہ اور علامات کو کبری بھی کہا جاسکتا ہے ان کی علاوہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت سے پہلے کچھ ایسی چیزیں ایسے واقعات اور ایسے تغیرات کے ظہور کی اطلاع دی ہے جو اس طرح کی غیر معمولی تو نہیں ہیں لیکن خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک اور زمانہ خیرالقرون کے لحاظ سے مستبعد اور غیر معمولی ہیں اور امت میں ان کا ظہور شر و فساد کی علامت ہے انکو قیامت کی عمومی علامات کہاجا سکتا ہے ذیل میں پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وہ ارشادات پیش کئے جارہے ہیں جن میں آپ نے دوسری قسم کی چیزوں کا یعنی قیامت کی عمومی علامات کا ذکر فرمایا ہے پہلی قسم یعنی علامات کبری سے متعلق حدیثیں بعد میں پیش کی جائینگی۔

تشریح ..... ہماری اردو زبان میں امانت کا مفہوم بہت محدود ہے لیکن قرآن وحدیث کی زبان میں اس کا مفہوم بہت وسیع ہے اور اپنے اندر عظمت اور اہمیت بھی لیے ہوئے ہیں ہر عظیم اور اہم ذمہ داری کو امانت سے تعبیر کیا جاتا ہے امانت کے مفہوم کی وسعت اور عظمت کو سمجھنے کے لئے آخر سورہ احزاب کی آیت “إِنَّا عَرَضْنَا الْأَمَانَةَ عَلَى السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَالْجِبَالِ ..... الاية” پر غور کر لیا جائے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہٗ کی اس حدیث میں امانت کے ضائع کیے جانے کی وضاحت خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی ہے کہ ذمہ داریاں ایسے لوگوں کو سپرد کی جائیں جو ان کے اہل نہ ہوں اس میں درجہ بدرجہ ہر طرح کی ذمہ داری شامل ہے حکومت حکومتی مناصب اور عہدے حکومتی اختیارات اسی طرح دینی قیادت و امانت افتاء و قضاء اوقاف کی تولیت اور انکے انتظام وغیرہ کی ذمہ داری اس طرح کی جو بھی بڑی یا چھوٹی ذمہ داری نااہلوں کے سپرد کی جائے گی تو یہ امانت کی اضاعت اور اجتماعی زندگی کی شدید معصیت ہے جس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرب قیامت کی نشانی بتلایا ہے۔
اس حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جو ارشاد ہے اگرچہ وہ ایک اعرابی سائل کے جواب میں ہے لیکن عام امتیوں کے لئے اس کا یہ پیغام اور سبق ہے کہ امانت کی حفاظت کی اہمیت کو محسوس کرو اس کا حق ادا کرو ہر درجہ کی ہر نوع کی ذمہ داریاں ان افراد کے سپرد کرو جو ان کے اہل ہیں اس کے خلاف کرو گے تو امانت کی اضاعت کے مجرم ہو گے اور خدا کے سامنے اس کی جواب دہی کرنی ہوگی۔
1951
Maarif ul Hadith
عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : إِنَّ بَيْنَ يَدَيِ السَّاعَةِ كَذَّابِينَ فَاحْذَرُوهُمْ. (رواه مسلم)
حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کیا قیامت سے پہلے کچھ کذاب لوگ ہوں گے تم کو چاہیے کہ ان سے پرہیز کرو۔ (صحیح مسلم)

تشریح
“کذابین” سے یہاں مراد وہ لوگ ہیں جن کا جھوٹ غیر معمولی قسم کا ہو اور اسکا تعلق دین سے ہو جیسے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے اور جھوٹی حدیثیں گھڑنے والے اور جھوٹے قصے گھڑ کے اپنی بدعات و خرافات ہو رواج دینے والے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کا مطلب یہ ہے کہ میرے بعد قیامت سے پہلے ایسے لوگ ہوں گے اور تم کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے میرے امتیوں کو چاہیے کے ان سے ہوشیار اور دور ہیں اور ان کے جال میں نہ پھنسیں جیساکہ معلوم ہے عہد نبوی سے اب تک سینکڑوں مدعیان نبوت بھی پیدا ہوئے جن میں سب سے پہلا یمامہ کا مسیلمہ کذاب تھا اور ہماری معلومات کے لحاظ سے آخری غلام احمد قادیانی، جاری اس طرح مہدویت کہ مدعی بھی پیدا ہوتے رہے اور بہت سی گمراہ کن دعوتوں کے داعی اور قائد بھی یہ سب ان کذابین میں شامل ہیں جن کی اطلاع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حدیث میں دی ہے اور ان سے دور رہنے کی تاکید فرمائی ہے۔
1952
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِذَا اتُّخِذَ الْفَيْءُ دُوَلاً وَالأَمَانَةُ مَغْنَمًا وَالزَّكَاةُ مَغْرَمًا وَتُعُلِّمَ لِغَيْرِ الدِّينِ وَأَطَاعَ الرَّجُلُ امْرَأَتَهُ وَعَقَّ أُمَّهُ وَأَدْنَى صَدِيقَهُ وَأَقْصَى أَبَاهُ وَظَهَرَتِ الأَصْوَاتُ فِي الْمَسَاجِدِ وَسَادَ الْقَبِيلَةَ فَاسِقُهُمْ وَكَانَ زَعِيمُ الْقَوْمِ أَرْذَلَهُمْ وَأُكْرِمَ الرَّجُلُ مَخَافَةَ شَرِّهِ وَظَهَرَتِ الْقَيْنَاتُ وَالْمَعَازِفُ وَشُرِبَتِ الْخُمُورُ وَلَعَنَ آخِرُ هَذِهِ الأُمَّةِ أَوَّلَهَا فَلْيَرْتَقِبُوا عِنْدَ ذَلِكَ رِيحًا حَمْرَاءَ وَزَلْزَلَةً وَخَسْفًا وَمَسْخًا وَقَذْفًا وَآيَاتٍ تَتَابَعُ كَنِظَامٍ بَالٍ قُطِعَ سِلْكُهُ فَتَتَابَعَ. (رواه الترمذى)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب غنیمت کو بنایا جانے لگے ذاتی دولت اور امانت کو مال غنیمت اور زکوٰۃ کو تاوان اور علم حاصل کیا جانے لگے دین کے علاوہ (دنیوی) دوسری اغراض کیلئے اور لوگ فرمابرداری کریں اپنی بیوی کی اور نافرمانی کریں اپنی ماں کی اور اپنے سے لگائیں دوستوں کو اور دور کریں باپ کو اور بلند ہو آوازیں مسجدوں میں اور قبیلہ کی سرداری کرے ان میں کا فسق اور قوم کا لیڈر ایسا شخص ہو جو ان میں سب سے کمینہ ہوں اور جب کسی آدمی کا اکرام کیا جائے اس کے شر کے ڈر سے اور (پیشہ ور) گانے والیاں اور باجے گاجے عام ہوں اور شرابیں پی جائیں اور امت کے بعد والے اس کے اگلوں پر لعنت کریں تو اس وقت انتظار کرو سرخ آندھیوں کا اور زلزلوں کا اور زمین میں دھنسائے جانے کا اور صورتیں مسخ کئے جانے کا اور پتھر برسنے کا اور (ان کے علاوہ اس طرح کی) اور نشانیوں کا جو پے در پے اس طرح آئینگی جس طرح ایک ہار ہو کاٹ دیا گیا ہو اس کا دھاگا تو پے در پے گریں اس کے دانے۔ (جامع ترمذی)

تشریح
اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قیامت سے پہلے پیدا ہونے والی پندرہ خرابیوں کا ذکر فرمایا ہے پہلی یہ کہ مال غنیمت جو دراصل مجاہدین اور غازیوں کا حق ہے اور جس میں فقراء و مساکین کا بھی حصہ ہے ارباب اختیار اس میں ذاتی دولت کی طرح تصرف کرنے لگیں گے دوسری یہ کہ لوگ حکومت کو زکوة خوش دلی سے ادا نہیں کریں گے بلکہ اس کو ایک طرح کا تاوان سمجھیں گے (1) تیسری یہ کہ علم دین جو دین ہی کے لئے اور اپنی آخرت ہی کے لیے حاصل کیا جانا چاہئے وہ غیر دینی اغراض کے لئے یعنی دنیوی منافع اور مقاصد کے لئے حاصل کیا جانے لگے گا چوتھی اور پانچویں یہ کہ لوگ اپنی بیویوں کی تابعداری اور نازبرداری کریں گے اور ماؤں کے ساتھ ان کا رویہ نافرمانی اور ایذارسانی کا ہوگا اور چھٹی اور ساتویں یہ کہ یار دوستوں کو گلے لگایا جائے گا اور باب دھتکارہ جائے گا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی جائے گی آٹھویں یہ کہ مسجد جو خانہ خدا ہیں اور از راہ ادب ان میں بلا ضرورت زور سے بولنا منع ہے ان کا ادب و احترام نہیں رہے گا ان میں آوازیں بلند ہوں گی اور شوروہنگامہ ہوگا نویں یہ کہ قبیلوں کی سیادت و قیادت فاسقوں فاجروں کے ہاتھ میں آجائے گی دسویں یہ کہ قوم کے ذمہ دار وہ ہوں گے جو ان میں سب سے زیادہ کمینے ہوں گے گیارہویں یہ کہ شریر آدمیوں کی شرارت اور اور شیطنت کے خوف سے ان کا اکرام و اعزاز کیا جائے گا بارہویں اور تیرہویں یہ کہ پیشہ ور گانے والیوں کی اور معازف و مزامیر یعنی باجوں گاجوں کی (اور ان سے دل بہلانے والوں کی) کثرت ہوگی چودھویں یہ کہ شرابیں خوب پی جائیں گی۔ اورپندرہویں یہ کہ امت میں بعد میں آنے والے لوگ امت کے پہلے طبقہ کو اپنی لعنت و بدگوئی کا نشانہ بنائیں گے آخر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب امت میں یہ خرابیاں پیدا ہو جائیں تو انتظار کرو گے خداوندی قہر ان شکلوں میں آئے سرخ آندھیاں اور شدید زلزلے اور آدمیوں کا زمین میں دھنسایا جانا اور ان کی صورتوں کا مسخ ہوجانا اور اوپر سے پتھروں کا برسنا اور ان کے علاوہ بھی خداوندی قہر وجلال کی نشانیاں جو اس طرح لگاتار اور پے در پے ظاہر ہوں گی جس طرح ہار کا دھاگا ٹوٹ جانے کی وجہ سے اس کے دانے لگاتار گرتے ہیں۔
بظاہر حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب یہ خرابیاں امت میں اور مسلم معاشرے میں بہت عام ہوجائیں گی تو خداوندی قہر و جلال ان شکلوں میں ظاہر ہوگا۔
1953
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لاَ تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى يَكْثُرَ الْمَالُ وَيَفِيضَ حَتَّى يَخْرُجَ الرَّجُلُ بِزَكَاةِ مَالِهِ فَلاَ يَجِدُ أَحَدًا يَقْبَلُهَا مِنْهُ وَحَتَّى تَعُودَ أَرْضُ الْعَرَبِ مُرُوجًا وَأَنْهَارًا. (رواه مسلم)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قیامت نہیں آئے گی جب تک کہ (ایسا وقت نہ آجائے کہ) غیرمعمولی بہتات ہو مال کی اور وہ بہا بہا پھرے یہاں تک کہ (حالت یہ ہو جائے کہ) ایک آدمی اپنے مال کی زکوۃ نکالے اور وہ نہ پا سکے کوئی ایسا (فقیر مسکین صاحب حاجت) جو زکوۃ کو اس سے قبول کرے اور ہوجائے عرب کی زمین (جس کا بڑا حصہ آج بے آب و گیاہ ہے) سرسبز چراگاہوں اور نہروں کی شکل میں۔ (صحیح مسلم)

تشریح
گزشتہ نصف صدی کے اندر اندر عرب ملکوں میں پیٹرول کی دریافت کے بعد جو انقلاب آیا ہے اور دولت کی ریل پیل ہے اور چٹیل میدانوں اور ریگستانوں کو کشت زار اور باغ و بہار میں تبدیل کرنے اور نہریں نکالنے کی جو کوششیں ہو رہی ہیں یقینا یہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کا مصداق ہیں جس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا تھا اس وقت اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا لیکن اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر منکشف فرمایا تھا کہ ایک وقت ایسا انقلاب آئے گا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ارشاد میں امت کو اس کی اطلاع دی تھی صحابہ کرام نے صرف سنا تھا اور ہمارے زمانہ میں آنکھوں سے دیکھا جا رہا ہے بلاشبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اس طرح کی اطلاعات آپ کا معجزہ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی دلیل ہیں۔
1954
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لاَ تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى تَخْرُجَ نَارٌ مِنْ أَرْضِ الْحِجَازِ تُضِيءُ أَعْنَاقَ الإِبِلِ بِبُصْرَى. (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک کہ (یہ واقعہ نہ ہوجائے کہ) ایک (غیر معمولی قسم کی) آگ اٹھے گی حجاز کی سرزمین سے جو روشن کردی گی شہر بصرہ میں اونٹوں کی گردنوں کو۔ (صحیح بخاری و مسلم)

تشریح
دنیا میں واقع ہونے والے جو غیر معمولی حوادث اللہ تعالی کی طرف سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر منکشف کئے گئے تھے ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ ایک وقت پر سرزمین حجاز سے ایک انتہائی غیر معمولی قسم کی آگ نمودار ہوگی جو اللہ تعالی کی قدرت کے عجائبات میں سے ہو گی۔ اس کی روشنی ایسی ہوگی کہ سینکڑوں میل دور ملک شام کے شہر بصرہ کے اونٹ اور ان کی گردنیں اس روشنی میں نظر آئیں گی اس حدیث میں آنحضرت صلی اللہ وسلم نے اسی کی اطلاع دی ہے۔
حجاز اس وسیع علاقہ کا نام ہے جس میں مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، جدہ، طائف، رابغ وغیرہ شہر واقع ہیں اور بصرہ ملک شام کا ایک شہر تھا دمشق سے تقریبا تین منزل کی مسافت پر صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے شارحین حافظ ابن حجر علامہ عینی اور امام نووی وغیرہ اکثر شارحین حدیث نے لکھا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس پیشن گوئی کا مصداق وہ آگ تھی جو ساتویں صدی ہجری کے وسط میں مدینہ منورہ کے قریب سے نمودار ہونی شروع ہوئی پہلے تین دن شدید زلزلہ کی کیفیت رہی اس کے بعد ایک نہایت وسیع و عریض علاقے میں آگ نمودار ہوئی اس آگ میں بادل کیسی گرج اور کڑک بھی تھی۔
لکھا ہے کہ آگ ایسی تھی کہ معلوم ہوتا تھا کہ آگ کا ایک بہت بڑا شہر ہے وہ جس پہاڑ پر سے گزرتی وہ چور چور ہو جاتا ہے یا پگل جاتا یہ آگ اگرچہ مدینہ منورہ سے فاصلے پر تھی لیکن اس کی روشنی سے مدینہ منورہ کی راتوں میں دن کاسا اجالا رہتا تھا لوگ اس میں وہ سب کام کر سکتے تھے جو دن کے اجالے میں کیے جاتے ہیں اس کی روشنی سینکڑوں میل دور تک پہنچتی تھی یما مہ اور بصرہ تک پہنچتی دیکھی گئی۔
یہ بھی لکھا ہے کہ اس آگ کے عجائبات میں سے یہ بھی تھا کہ وہ پتھروں کو تو جلا کر راکھ کر دیتی تھی لیکن درختوں کو نہیں جلاتی تھی لکھا ہے کہ یہ آگ شروع جمادی الاخریٰ سے اواخر رجب تک قریبا پونے دو مہینے تک رہی لیکن مدینہ منورہ اس سے نہ صرف یہ کہ محفوظ رہا بلکہ ان دنوں میں وہاں نہایت خوشگوار ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ بلاشبہ یہ آگ اللہ تعالی کی قدرت اور اس کی شان قہر و جلال کی نشانیوں میں سے ایک نشانی تھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ساڑھے چھ سو برس پہلے اس کی اطلاع دی تھی۔
1955
Maarif ul Hadith
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: إِنَّ أَوَّلَ الآيَاتِ خُرُوجًا طُلُوعُ الشَّمْسِ مِنْ مَغْرِبِهَا وَخُرُوجُ الدَّابَّةِ عَلَى النَّاسِ ضُحًى وَأَيُّهُمَا مَا كَانَتْ قَبْلَ صَاحِبَتِهَا فَالأُخْرَى عَلَى إِثْرِهَا قَرِيبًا. (رواه مسلم)
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ فرما رہے تھے کہ قیامت کی نشانیوں سے سب سے پہلے جس کا ظہور ہوگا وہ آفتاب کا طلوع ہونا ہے مغرب کی طرف سے اور لوگوں کے سامنے چاشت کے وقت دابۃ الارض کا برآمد ہونا اور دونوں میں سے جو بھی پہلے ہو دوسری اس کے بعد متصلا ہوگی۔ (صحیح مسلم)

تشریح
ظاہر ہے کہ جس وقت رسول اللہ صلی اللہ وسلم نے یہ ارشاد فرمایا تھا اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ پر اتنا ہی منکشف کیا گیا تھا کہ قیامت کی علامات کبریٰ میں سے سب سے پہلے ان دو غیر معمولی اور خارق عادت واقعات کا ظہور ہوگا ایک یہ کہ آفتاب جو ہمیشہ مشرق سے طلوع ہوتا ہے وہ ایک دن جانب مغرب سے طلوع ہوگا اور دوسرے یہ کہ ایک عجیب و غریب جانور (دابۃ الارض) کا خارق عادت سے ظہور ہوگا اس وقت تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ منکشف نہیں فرمایا گیا تھا کہ ان میں سے کون سا واقعہ پہلے ہوگا اور کون بعد میں اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان میں سے جو بھی پہلے ہو دوسرا اس کے بعد متصلا ہی ہوگا گویا یہ دونوں واقعے ساتھ ساتھ ہوں گے۔
“دابۃ الارض” کے خروج کا ذکر قرآن مجید (سورہ نحل کی آیت نمبر 82) میں بھی فرمایا گیا ہے اس کے بارے میں بہت سی بے اصل باتیں عوام میں مشہور ہیں اور تفسیر کی بعض کتابوں میں بھی اس سے متعلق رطب ویابس روایتیں لکھ دی گئی ہیں لیکن قرآن پاک کے ظاہری الفاظ اور قابل اعتبار روایات سے اتنا معلوم ہوتا ہے کہ یہ زمین پر چلنے اور دوڑنے والا جانور ہوگا جس کو اللہ تعالیٰ خارق عادت طریقہ سے زمین سے پیدا فرمائے گا (جس طرح حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی اللہ تعالی نے پہاڑ کی ایک چٹان سے پیدا فرمائی تھی) اور وہ بحکم خداوندی انسانوں کی طرح کلام کرے گا اور ان پر اللہ تعالی کی حجت قائم کرے گا بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مکہ مکرمہ کی صفا پہاڑی سے برآمد ہوگا۔
یہ دونوں واقعات جن کا اس حدیث میں ذکر ہے (آفتاب کا بجائے مشرق کے جانب مغرب سے طلوع ہو جانا اور کسی جانور (‏دابۃ الارض) کا توالدوتناسل کے عام معروف طریقہ کے بجائے زمین سے برآمد ہونا) بظاہر اس نظام قدرت کے خلاف ہے جو اس دنیا کا عام نظام ہے اس لئے ایسے کم فہموں کو جو اللہ تعالی کی قدرت کی وسعت سے آشنا نہیں ہیں ان کے بارے میں شک شبہ ہوسکتا ہے لیکن ان کو سمجھنا چاہیے کہ یہ سب اس وقت ہوگا جب دنیا کا وہ نظام جس پر یہ دنیا چل رہی ہے ختم کیا جائے گا اور قیامت کا دور شروع ہوگا اور زمین و آسمان بھی فنا کر دیے جائیں گے اور دوسرا عالم برپا ہوگا پھر تو وہ سب کچھ سامنے آئے گا جو ہماری اس دنیا کے نظام سے بالکل مختلف ہوگا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قیامت کی “علامات خاصہ” اور “علامات کبری” بھی دو طرح کی ہیں بعض وہ ہیں جن کا ظہور قیامت کے بالکل قریب میں ہوگا گویا ان علامات کے ظہور ہی سے قیامت کی شروعات ہو جائے گی جس طرح صبح صادق کی نمودن کی آمد کی علامت ہوتی ہے اور اسی سے دن کی آمد شروع ہوجاتی ہے یہ دونوں علامتیں جن کا اس حدیث میں ذکر ہے اسی قبیل سے ہیں اور اس قبیل کی علامتوں میں سب سے پہلے انہی کا ظہور ہوگا اور ان کا ظہور گویا اس کا اعلان ہوگا کہ یہ دنیا اللہ تعالی کے حکم سے اب تک جس نظام پر چل رہی تھیں اب وہ ختم ہوگیا اور قیامت کا دور اور دوسرا نظام شروع ہوگیا ..... اور قیامت کی “علامات کبریٰ” میں سے بعض وہ ہیں جن کا ظہور قیامت سے کچھ مدت پہلے ہوگا اور وہ قرب قیامت کی علامات ہوں گے دجال کا خروج اور حضرت عیسی علیہ السلام کا نزول (جن کا ذکر آگے درج ہونے والی حدیثوں میں آرہا ہے) قیامت کی اس قسم کی علامات میں سے ہے۔
1956
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ثَلاَثٌ إِذَا خَرَجْنَ لاَ يَنْفَعُ نَفْسًا إِيمَانُهَا لَمْ تَكُنْ آمَنَتْ مِنْ قَبْلُ أَوْ كَسَبَتْ فِي إِيمَانِهَا خَيْرًا طُلُوعُ الشَّمْسِ مِنْ مَغْرِبِهَا وَالدَّجَّالُ وَدَابَّةُ الأَرْضِ. (رواه مسلم)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ (قیامت کی نشانیوں میں سے) تین وہ ہیں جن کے ظہور کے بعد کسی ایسے شخص کو جو پہلے ایمان نہیں لایا تھا اور ایمان کے ساتھ عمل صالح نہیں کیا تھا اس کا ایمان لانا (اور نیک عمل کرنا) کوئی نفع نہیں پہنچائے گا (اور کچھ کام نہ آئے گا) آفتاب کا طلوع ہونا مغرب کی جانب سے اور دجال کا ظاہر ہونا اور دابۃ الارض کا برآمد ہونا۔ (صحیح مسلم)

تشریح
ان تینوں نشانیوں کے ظہور کے بعد یہ بات کھل کر سب کے سامنے آجائے گی کہ اب دنیا کے نظام کے درہم برہم ہونے کا اور قیامت کا وقت قریب آگیا اس لئے اس وقت ایمان لانا یا گناہوں سے توبہ کرنا یا صدقہ خیرات جیسا کوئی نیک کام کرنا جو پہلے نہیں کیا گیا تھا ایسا ہوگا جیسا کہ موت کے دروازے پر پہنچ کر اور غیبی حقائق کا مشاہدہ کرکے کوئی ایمان لائے یا گناہوں سے توبہ کرے یا صدقہ خیرات جیسا کوئی نیک کام کریں اس لئے اس کا اعتبار نہ ہوگا اور وہ کام نہ آئے گا۔
1957
Maarif ul Hadith
عَنْ عِمْرَانَ بْنَ حُصَيْنٍ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: مَا بَيْنَ خَلْقِ آدَمَ إِلَى قِيَامِ السَّاعَةِ خَلْقٌ أَكْبَرُ مِنَ الدَّجَّالِ. (رواه مسلم)
حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ فرماتے تھے کہ حضرت آدم کی پیدائش سے لے کر قیامت آنے تک کوئی امر (کوئی واقعہ اور حادثہ) دجال کے فتنہ سے بڑا اور سخت نہ ہوگا۔ (صحیح مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ حضرت آدم علیہ السّلام کی تخلیق سے اب تک اور اب سے قیامت تک اللہ کے بندوں کے لیے جو بے شمار فتنے پیدا ہوئے اور ہونگے دجال کا فتنہ ان میں سب سے عظیم و شدید ہوگا اور بندگان خدا کے لیے اس میں سخت ترین آزمائش ہوگی اللہ تعالی ایمان پر قائم رکھے اور ایمان کے ساتھ اٹھائے۔
1958
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَلاَ أُحَدِّثُكُمْ حَدِيثًا عَنِ الدَّجَّالِ مَا حَدَّثَ بِهِ نَبِيٌّ قَوْمَهُ، إِنَّهُ أَعْوَرُ، وَإِنَّهُ يَجِيءُ مَعَهُ بِمِثَالِ الْجَنَّةِ وَالنَّارِ، فَالَّتِي يَقُولُ إِنَّهَا الْجَنَّةُ. هِيَ النَّارُ، وَإِنِّي أُنْذِرُكُمْ كَمَا أَنْذَرَ بِهِ نُوحٌ قَوْمَهُ. (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کیا میں دجال کے فتنہ کے بارے میں تم کو ایک ایسی بات نہ بتلاوں جو کسی پیغمبر نے اپنی امت کو نہیں بتلائی (سنو) وہ کانا ہوگا (اس کی آنکھ میں انگور کے دانے کی طرح ناخنہ پھولا ہوگا) اور اسکے ساتھ ایک چیز ہو گی جنت کی طرح اور ایک دوزخ کی طرح، پس وہ جس کو جنت بتائے گا وہ فی الحقیقت دوزخ ہوگی اور میں تم کو دجال کے بارے میں آگاہی دیتا ہوں جیسی آگاہی اللہ کے پیغمبر نوح علیہ السلام نے اپنی قوم کو دی تھی۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
حدیث کے ذخیرے میں مختلف صحابہ کرامؓ سے دجال سے متعلق اتنی حدیثیں مروی ہیں جن سے مجموعی طور پر یہ بات قطعی اور یقینی طور پر معلوم ہوجاتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت کے قریب دجال کے ظہور کی اطلاع دی ہے اور یہ کہ اس کا فتنہ بندگان خدا کے لئے عظیم ترین اور شدید ترین فتنہ ہوگا وہ خدائی کا دعوی کرے گا اور اس کے ثبوت میں عجیب و غریب کرشمے دکھائے گا انہی کرشموں میں سے ایک یہ بھی ہو گا کہ اس کے ساتھ جنت کی طرح ایک نقلی جنت اور دوزخ کی طرح ایک نقلی دوزخ ہوگی اور حقیقت یہ ہوگی کہ جس کو وہ جنت بتلائے گا وہ دوزخ ہوگی۔ اور اسی طرح جس کو وہ دوزخ کہے گا وہ درحقیقت جنت ہوگی یہ بھی ہوسکتا ہے کہ دجال کے ساتھ والی یہ دوزخ اور جنت صرف اس کی جادوگری شعبدہ بازی اور نظر فریبی کا نتیجہ ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ جس طرح اللہ تعالی نے اپنی خاص حکمت سے ہماری آزمائش کے لیے شیطان پیدا فرمایا ہے اور دجال پیدا فرمائے گا اسی طرح دجال کے ساتھ والی جنت اور دوزخ بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائی ہو اسی کے ساتھ اس کی دجالیت اور کذابیت کی ایک کھلی علامتی یہ ہوگی کہ وہ آنکھ سے کانا ہوگا اور صحیح روایات میں ہے کہ اس کی آنکھ میں انگور کے دانے جیسا پھولا ہوگا جو سب کو نظر آئے گا اس کے باوجود بہت سے خدا نا آشنا جو ایمان سے محروم ہونگے یا جو بہت ضعیف الایمان ہونگے اس کی شعبدہ بازیوں اور استدراجی کرشموں سے متاثر ہوکر اس کی خدائی کے دعوے کو مان لیں گے اور جن کو ایمان کی حقیقت نصیب ہوگی ان کے لئے دجال کا ظہور اور اس کے خارق عادت کرشمے ایمان و یقین میں مزید ترقی اور اضافہ کا ذریعہ بنیں گے وہ اس کو دیکھ کر کہیں گے کہ یہی وہ دجال ہے جس کی خبر ہمارے پیغمبر صادق صلی اللہ علیہ وسلم نے دی تھی اس طرح دجال کا ظہور ان کے لیے ترقی درجات کا وسیلہ بنے گا۔
دجال کے ہاتھ پر ظاہر ہونے والے خوارق
جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا قیامت سے پہلے دجال کے ظہور سے متعلق حدیث نبوی کے ذخیرہ میں اتنی روایتیں ہیں جن کے بعد اس میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں رہتی کہ قیامت سے پہلے دجال کا ظہور ہوگا اسی طرح ان روایات کی روشنی میں اس میں بھی کسی شبہ کی گنجائش نہیں رہتی کہ وہ خدائی کا دعویٰ کرے گا اور اس کے ہاتھ پر بڑے غیر معمولی اور محیرالعقول قسم کے ایسے خارق عادت امور ظاہر ہونگے جو بظاہر مافوق الفطرت اور کسی بشر اور کسی بھی مخلوق کی طاقت و قدرت سے باہر اور بالاتر ہوں گے مثلا یہ کہ اس کے ساتھ جنت اوردوزخ ہوگی (جس کا مندرجہ بالا حدیث میں بھی ذکر ہے) اور مثلا یہ کہ وہ بادلوں کو حکم دے گا کہ بارش برسے اور اس کے حکم کے مطابق اسی وقت بارش ہوگی اور مثلا یہ کہ وہ زمین کو حکم دے گا کہ کھیتی اگے اور اسی وقت زمین سے کھیتی اگتی نظر آئے گی اور مثلا یہ کہ جو خدا نا شناس اور ظاہر پرست لوگ اس طرح کے خوارق دیکھ کر اس کو خدا مان لیں گے ان کے دنیوی حالات بظاہر بہت ہی اچھے ہو جائیں گے اور وہ خوب پھولتے پھیلتے نظر آئیں گے اور اس کے برخلاف جو مومنین صادقین اسکے خدائی کے دعوے کو رد کر دیں گے اور اس کو دجال قرار دینگے بظاہر ان کے دنیوی حالات بہت ہی ناسازگار ہوجائیں گے اور وہ فقر و فاقے میں اور طرح طرح کی تکلیفوں میں مبتلا نظر آئیں گے اور مثلا یہ کہ وہ ایک اچھے طاقتور جوان کو قتل کرکے اس کے دو ٹکڑے کر دے گا اور پھر وہ اس کو اپنے حکم سے زندہ کر کے دکھا دے گا اور سب دیکھیں گے کہ وہ جیسا تندرست و توانا جوان تھا ویسا ہی ہو گیا الغرض حدیث کی کتابوں میں دجال کے ہاتھ پر ظاہر ہونے والے اس طرح کے محیر العقول خوارق کی روایتیں بھی اتنی کثرت سے ہیں کہ اس بارے میں بھی کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں رہتی کہ اس کے ہاتھ پر اس طرح کے خوارق ظاہر ہونگے اور یہی بندوں کے لیے امتحان اور آزمائش کا باعث ہوں گے۔
اس طرح کے خوارق اگر انبیاء علیہ السلام کے ہاتھ پر ظاہر ہوں تو ان کو معجزہ کہا جاتا ہے جیسے حضرت موسیٰؑ اور حضرت عیسیؑ وغیرہ انبیاء کرام کے وہ معجزات جن کا ذکر قرآن مجید نے بار بار فرمایا گیا ہے، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ شق القمر اور دوسرے معجزات جو حدیثوں میں مروی ہیں اور اگر ایسے خوارق انبیاء علیہ السلام کے متبعین مومنین صالحین کے ہاتھ پر ظاہر ہوں تو ان کو کرامت کہا جاتا ہے جیسے کہ قرآن پاک میں اصحاب کہف کا واقعہ بیان فرمایا گیا ہے اور اس امت محمدیہ کے اولیاء اللہ کے سینکڑوں بلکہ ہزاروں واقعات معلوم و معروف ہیں اور اگر اس طرح کے خوارق کسی کافر و مشرک یا فاسق و فاجر داعی ضلالت کے ہاتھ پر ظاہر ہوں تو ان کو استدراج کہا جاتا ہے دجال کے ہاتھ پر جو خوارق ظاہر ہونگے وہ استدراج ہی کے قبیل سے ہیں۔
اللہ تعالی نے اس دنیا کو دارالامتحان بنایا ہے انسان میں خیر کی بھی صلاحیت رکھی گئی ہے اور شر کی بھی اور ہدایت اور دعوت الی الخیر کے لیے انبیاء علیہم السلام بھیجے گئے اور ان کے نائبین کی قیامت تک یہ خدمت انجام دیتے رہیں گے اور اضلال اور دعوت شر کیلئے شیطان اور انسانوں اور جنات میں سے اس کے چیلے چانٹے بھی پیدا کیے گئے جو قیامت تک اپنا کام کرتے رہیں گے بنی آدم میں خاتم النبین سیدنا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ہدایت اور دعوت الی الخیر کا کمال ختم کردیا گیا اب آپ ہی کے نائبین کے ذریعہ قیامت تک ہدایت وارشاد اور دعوت الی الخیر کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اور اضلال اور دعوت شر کا کمال دجال پر ختم ہوگا اور اس لیے اس کو اللہ تعالی کی طرف سے بطور استدراج ایسے غیرمعمولی اور محیرالعقول خوارق دیے جائیں گے جو پہلے کسی داعی ضلال کو نہیں دیئے گئے۔
یہ گویا بندوں کا آخری امتحان ہو گا اور اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ یہ ظاہر فرمائے گا کہ سلسلہ نبوت وہدایت خاص کر خاتم النبیین اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نائبین کی ہدایت وارشاد اور دعوت الی الخیر کی مخلصانہ کوششوں نتیجہ میں وہ صاحب استقامت بندے بھی اس دجالی دنیا میں موجود ہیں جن کے ایمان و یقین میں ایسے محیرالعقول خوارق دیکھنے کے بعد بھی کوئی فرق نہیں آیا بلکہ ان کی ایمانی کیفیت میں اضافہ ہوا اور ان کو وہ مقام صدیقیت حاصل ہوا جو اس سخت امتحان کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتا تھا۔
1959
Maarif ul Hadith
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «يَنْزِلُ بِأُمَّتِي بَلَاءٌ شَدِيدٌ مِنْ سُلْطَانِهِمْ، حَتَّى يَضِيقَ الْأَرْضُ عَنْهُمُ، فَيَبْعَثُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ رَجُلًا مِنْ عِتْرَتِي، فَيَمْلَأُ الْأَرْضَ قِسْطًا وَعَدْلًا، كَمَا مُلِئَتْ ظُلْمًا وَجَوْرًا، يَرْضَى عَنْهُ سَاكِنُ السَّمَاءِ وَسَاكِنُ الْأَرْضِ، لَا تَدَّخِرُ الْأَرْضُ شَيْئًا مِنْ بَذْرِهَا إِلَّا أَخْرَجَتْهُ، وَلَا السَّمَاءُ مِنْ قَطْرِهَا إِلَّا صَبَّتْهُ، وَيَعِيشُ سَبْعَ سِنِينَ أَوْ ثَمَانَ سِنِينَ أَوْ تِسْعًا. (رواه الحاكم فى المستدرك)
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ (آخری زمانے میں) میری امت پر ان کے ارباب حکومت کی طرف سے سخت مصیبتیں آئیں گی یہاں تک کہ اللہ کی وسیع زمین ان کے لئے تنگ ہوجائے گی اس وقت اللہ تعالی میری نسل میں سے ایک شخص کو کھڑا کرے گا اس کی جدوجہد سے ایسا انقلاب برپا ہوگا کہ اللہ کی زمین جس طرح ظلم و ستم سے بھر گئی تھی اسی طرح عدل وانصاف سے بھر جائے گی آسمان والے بھی اس سے راضی ہوں گے اور زمین کے رہنے والے بھی، زمین میں جو بیج ڈالا جائے گا اسکو زمین اپنے پاس روک کے نہیں رکھے گی بلکہ اس سے جو پودا برآمد ہونا چاہیے وہ برآمد ہوگا (بیج کا ایک دانہ بھی ضائع نہ ہو گا) اور اسی طرح آسمان بارش کے قطرے ذخیرہ بنا کے رکھے گا بلکہ ان کو برسا دے گا (یعنی ضرورت کے مطابق بھرپور بارشیں ہونگی) اور یہ مرد مجاہد لوگوں کے درمیان سات سال کی آٹھ سال یا نو سال زندگی گزارے گا۔ (مستدرک حاکم)

تشریح
اس موضوع سے متعلق جو احادیث و روایات کسی درجہ میں قابل اعتبار و استناد ہیں ان کا حاصل یہ ہے کہ اس دنیا کے خاتمہ اور قیامت سے پہلے آخری زمانے میں امت مسلمہ پر اس دور کے ارباب حکومت کی طرف سے ایسا شدید و سنگین مظالم ہونگے کہ اللہ کی وسیع زمین ان کے لئے تنگ ہوجائے گی ہر طرف ظلم وستم کا دور دور ہوگا اس وقت اللہ تعالی اس امت میں سے (بعض روایات کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسل سے) ایک مرد مجاہد کو کھڑا کرے گا اس کی جدوجہد کے نتیجہ میں ایسا انقلاب برپا ہوگا کہ دنیا سے ظلم و نا انصافی کا خاتمہ ہوجائے گا ہر طرف عدل و انصاف کا دور دورہ ہوگا نیز اللہ تعالی کی طرف سے اس وقت غیر معمولی برکات کا ظہور ہوگا آسمان سے ضرورت کے مطابق بھرپور بارشیں ہونگی اور زمین سے غیرمعمولی اور خارق عادت پیداوار ہوگی جس مرد مجاہد کے ذریعہ اللہ تعالی یہ انقلاب برپا فرمائے گا (بعض روایات کے مطابق اس کا نام محمد اور اس کے والد کا نام عبداللہ ہوگا مہدی اس کا کب ہوگا) اللہ تعالیٰ ان سے بندوں کی ہدایت کا کام لے گا۔
اس مختصر تمہید کے بعد ناظرین اس سلسلہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کا مطالعہ فرمائیں۔
تشریح ..... قریب قریب اسی مضمون کی ایک حدیث حضرت قرہ مزنی رضی اللہ عنہ سے بھی روایت کی گئی ہے اس میں یہ اضافہ ہے کہ “اِسْمُهُ اِسْمِىْ وَاِسْمُ اَبِيْهِ اِسْمُ اَبِىْ” اس شخص کا نام میرا والا نام (یعنی محمد) ہوگا اور اس کے باپ کانام میرے والد کا نام (عبداللہ) ہو گا یہ حدیث طبرانی کی معجم کبیر اور مسند بزار کے حوالہ سے کنزالعمال میں نقل کی گئی ہے ان دونوں حدیثوں میں مہدی کا لفظ نہیں ہے لیکن دوسری روایات کی روشنی میں یہ متعین ہو جاتا ہے کہ مراد حضرت مہدی ہی ہیں ان کا نام محمد اور مہدی لقب ہوگا۔
اس حدیث میں حضرت مہدی کا زمانہ حکومت سات یا آٹھ یا نو سال بیان فرمایا گیا ہے لیکن حضرت ابوسعیدخدریؓ ہی کی ایک دوسری روایت میں جو سنن ابی داود کے حوالہ سے آگے ذکر کی جائے گی ان کا زمانہ حوکومت صرف سات سال بیان کیا گیا ہے ہوسکتا ہے کہ مندرجہ بالا روایت میں جو “سات یا آٹھ یا نو سال” ہے وہ راوی کا شک ہو۔ واللہ اعلم